دریائے جہلم کے تاریخی پلوں سے سٹریٹ لائٹس غائب، اہم شاہراہیں اندھیرے میں ڈوب گئیں

جہلم: دریائے جہلم کے تاریخی پل ایک بار پھر لاوارث دکھائی دینے لگے۔ رات کی تاریکی میں نامعلوم چور دونوں پلوں پر نصب سٹریٹ لائٹس اور بجلی کے پول اکھاڑ کر لے جانے لگے، جس کے باعث اہم سڑکیں اندھیرے میں ڈوب گئی ہیں اور شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

دریائے جہلم کے دونوں اطراف قائم پلوں پر لگائی گئی درجنوں سٹریٹ لائٹس اور پول چوری ہو چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان پلوں پر پولیس چوکیاں اور نفری تعینات ہونے کے باوجود اس قدر بڑے پیمانے پر سرکاری تنصیبات کا غائب ہو جانا لمحہ فکریہ ہے۔

اندھیرے کے باعث نہ صرف ٹریفک حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے بلکہ راہگیروں، طلبہ اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق رات کے اوقات میں پل عبور کرنا خطرے سے خالی نہیں رہا، جبکہ موٹر سائیکل سوار اور گاڑیوں کے ڈرائیورز کو بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

شہری و سماجی حلقوں نے متعلقہ محکموں کی غفلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور ذمہ داران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

اہلِ علاقہ نے شفیق احمد چوہدری سے فوری نوٹس لینے، ملوث عناصر کی گرفتاری اور پلوں پر مؤثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہر کی یہ اہم گزرگاہیں دوبارہ روشنی اور تحفظ کی علامت بن سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button