ڈومیلی کے علاقے دھمالہ کے سیلاب متاثرین مشکلات کا شکار، راستے بند

سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں نالہ گہان میں سیلابی صورت حال نے مقامی آبادی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

سیلابی ریلے کے باعث گاؤں دھمالہ اور ملحقہ دیہاتوں کو ڈومیلی سے ملانے والے تمام زمینی راستے مکمل طور پر منقطع ہو چکے ہیں جس کے باعث مقامی باشندے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اہل علاقہ کے مطابق راستوں کے منقطع ہونے کے باعث کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو ہسپتال تک لے جانا ممکن نہیں رہا جبکہ گاؤں کے بیشتر بچے اور بچیاں سکول جانے سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ دیہاڑی دار مزدور طبقہ روزگار کے حصول کے لیے باہر نہیں جا سکتا جس سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے لگے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش تھمنے کے باوجود راستوں کی بحالی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔

اہل دھمالہ نے حکامِ بالا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ راستوں کو مستقل بنیادوں پر درست اور بحال کیا جائے تاکہ آئندہ بارشوں یا سیلاب کی صورت میں مقامی آبادی کو دوبارہ ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے خاص طور پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ، ڈپٹی کمشنر جہلم اور متعلقہ محکموں سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button