جہلم میں اساتذہ کے لیے پہلی بار آرٹیفشل انٹیلیجنس کلاسز کا آغاز

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ کے لیے ضلع کونسل ہال میں پہلی مرتبہ آرٹیفشل انٹیلیجنس (AI) کلاسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد اساتذہ اور فیلڈ اسٹاف کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے تعلیمی معیار کو دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنانا ہے۔

ان تربیتی سیشنز کی ذمہ داری آئی ٹی ماہر علی عباس زیدی کو سونپی گئی ہے، جو شرکاء کو آرٹیفشل انٹیلیجنس کے جدید تصورات، ڈیجیٹل ٹولز اور ان کے عملی استعمال کے حوالے سے جامع تربیت فراہم کریں گے۔

اس منصوبے کے تحت لٹریسی اور نان فارمل بیسک ایجوکیشن اسکولز کے عملے، اساتذہ اور مڈل اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے لیے تین اور چھ ماہ کے خصوصی تربیتی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تعلیمی نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کا ایک انقلابی قدم ہے، جس سے مستقبل میں شرحِ خواندگی اور مجموعی تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ طلبہ کو بھی جدید تعلیم اور ڈیجیٹل مہارتوں سے روشناس کرایا جا سکے گا، جو آنے والے وقت میں معاشرتی اور تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button