پنڈدادنخان میں ہوائی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیلانے والے تین ملزمان گرفتار

پنڈدادنخان: پولیس تھانہ للِہ کی ٹیم نے نواحی علاقے ٹوبھہ میں اہم کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کے ذریعے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ ٹوبھہ میں ایس ایچ او تھانہ للِہ کی سربراہی میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان نصیر احمد، محمد وقاص اور طاہر حسین کو حراست میں لے لیا۔ ملزم نصیر احمد کے قبضے سے 12 بور بندوق بمعہ کارتوس، محمد وقاص سے 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن جبکہ طاہر حسین سے بھی 12 بور بندوق بمعہ کارتوس برآمد کر لی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کا استعمال کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔



