رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی جہلم میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری، حالیہ ہفتے کے دوران گرانی کی شرح میں کئی گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سروے کے مطابق ایک ہفتے کے دوران اشیا ء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جبکہ چند ایک اشیاء کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ۔ حالیہ ہفتے کے دوران آلو، انڈے، پیاز، ٹماٹر، گائے اور بکرے کے گوشت سمیت کئی اشیا ء مہنگی ہوئیں جن میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،جبکہ پیاز کی قیمت بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔ انڈے ، آلو، ٹماٹر ، پٹرول، کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا۔ اس طرح محض چند ایک اشیاء کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے ۔
شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ 2 درجن سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موجود ہیں جنہوں نے اپنی گاڑیوں کے اوپر نیلی بتی لگا کر شہر کی سڑکوں پر سیر سپاٹے کرتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کو چیک کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
شہری تنظیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر راولپنڈی سے نوٹس لینے اور سرکاری نرخوں پر معیاری اشیاء فروخت کروانے کا مطالبہ کیاہے۔



