جہلم میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ اور من مانی قیمتیں، شہریوں کا شدید احتجاج

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ایل پی جی سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ اور من مانی قیمتوں پر فروخت کا سلسلہ بے قابو ہو گیا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سول ڈیفنس کی مبینہ عدم توجہی کے باعث مختلف علاقوں میں دکاندار اور ڈسٹری بیوٹرز سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایل پی جی سلنڈرز کھلے عام ری فل کر کے مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں، جس سے صارفین کو مالی استحصال کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد دکانداروں نے صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نرخوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا ہے، جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ کہیں نظر نہیں آتی۔ کئی مقامات پر گھریلو سلنڈرز میں غیر محفوظ طریقے سے گیس بھرنے کا عمل بھی جاری ہے، جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق غیر قانونی ری فلنگ نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ یہ انتہائی خطرناک بھی ہے، کیونکہ غیر معیاری آلات اور حفاظتی اقدامات کے بغیر گیس کی منتقلی دھماکوں اور آگ لگنے جیسے واقعات کو جنم دے سکتی ہے۔

حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی سلنڈرز پھٹنے کے واقعات میں اضافہ بھی رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، تاہم جہلم میں ان پر مؤثر عملدرآمد دیکھنے میں نہیں آ رہا۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ سول ڈیفنس اور متعلقہ اداروں کو متحرک کر کے غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس سنگین مسئلے پر فوری قابو نہ پایا گیا تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button