قصابوں کی من مانیاں، گوشت کی قیمتیں آسمان پر، صافی وزن میں کمی پر شہری سراپا احتجاج

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قصابوں نے گائے اور بکرے کے گوشت کے من مانے نرخ مقرر کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے نہ صرف قیمتیں اپنی مرضی سے وصول کی جا رہی ہیں بلکہ صافی وزن میں کمی کر کے بھی صارفین سے اضافی پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قصاب ایک کلوگرام گوشت دینے کے بجائے صرف 800 گرام گوشت فراہم کرتے ہیں جبکہ 200 گرام صفائی کے نام پر کم کر دیا جاتا ہے، لیکن اس کمی کے باوجود پورے ایک کلو کے پیسے وصول کیے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گوشت کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔
شہریوں کے مطابق بڑے گوشت کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلوگرام مقرر ہے، مگر قصاب 1200 سے 1400 روپے فی کلوگرام تک وصول کر رہے ہیں۔ اسی طرح بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلوگرام ہے، لیکن قصاب 800 گرام گوشت کے عوض 2200 سے 2400 روپے تک وصول کر رہے ہیں، جو سراسر کھلی گراں فروشی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے گوشت جیسی بنیادی ضرورت بھی مکمل طور پر ناقابلِ رسائی ہو جائے گی۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی میں ملوث قصابوں کے خلاف سخت کارروائی اور مقدمات درج کیے جائیں اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔



