ڈی پی او جہلم کی تھانہ پنڈدادنخان اور تھانہ للِہ میں تفتیشی افسران سے میٹنگ

پنڈدادنخان: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر صدارت تھانہ پنڈدادنخان اور تھانہ للِہ میں تفتیشی افسران کے ساتھ علیحدہ علیحدہ میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔ ان اجلاسوں میں ایس ڈی پی او پنڈدادنخان سرکل، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔
دونوں میٹنگز میں زیر تفتیش مقدمات اور نامکمل چالان زیر بحث آئے۔ ڈی پی او نے ہدایت کی کہ پراسیکیوشن کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مقدمات کی بروقت یکسوئی کو یقینی بنایا جائے اور چالان عدالتوں میں مقررہ مدت 14 دن کے اندر جمع کروائے جائیں۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ عوام الناس کو انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے ضروری ہے کہ زیر تفتیش مقدمات جلد از جلد نمٹائے جائیں اور رپورٹ ہائے 173 ضابطہ فوجداری کو بروقت عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ تھانہ جات میں ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے ساتھ میٹنگز منعقد کریں اور زیر التوا روڈ سرٹیفکیٹس کی جلد از جلد یکسوئی کو یقینی بنائیں۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے واضح کیا کہ تمام تھانوں اور سرکل افسران کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جا رہی ہے۔ اچھی کارکردگی پر افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ ناقص کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔
ڈی پی او نے اس بات پر زور دیا کہ تھانہ جات میں تفتیشی عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو فوری اور منصفانہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ریکارڈ کی درستگی اور مقدمات کے بروقت یکسو ہونے کو اولین ترجیح دی جائے۔



