ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا طریقہ کار اور فیس شیڈول جاری

جہلم: پنجاب سمیت ملک بھر میں ڈرائیونگ کے لیے درست ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس اس بات کی ضمانت ہے کہ ڈرائیور نے ضروری ٹیسٹ پاس کیے ہیں اور ٹریفک قوانین سے آگاہ ہے، جس سے حادثات میں کمی اور سڑکوں پر بہتر نظم و ضبط قائم ہوتا ہے۔ لائسنس نہ صرف قانونی اجازت نامہ ہے بلکہ شہریوں کے لیے اپنی اور دوسروں کی جان و مال کی حفاظت کا بھی ضامن ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے لرنر لائسنس لینا لازمی ہے جس کی فیس 500 روپے مقرر ہے اور یہ آن لائن بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد امیدوار کو مقررہ سینٹر میں جا کر تھیوری اور عملی امتحان دینا ہوگا، کامیاب ہونے پر باضابطہ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔
پنجاب میں کار ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ فیس 150 روپے رکھی گئی ہے۔ امتحان پاس کرنے کے بعد امیدوار کو مزید 1,350 روپے جمع کرانا ہوں گے جبکہ کوریئر فیس 480 روپے ہے۔ اس طرح ایک سالہ ڈرائیونگ لائسنس کی مجموعی لاگت 1,830 روپے بنتی ہے۔
محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق شہری اپنی ضرورت کے مطابق 1 سال سے 5 سال تک کی مدت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں، جس کا فیس شیڈول الگ الگ ہے۔



