اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے پٹوار کلچر کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ (پلس) منصوبے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں اور پٹواریوں نے شرکت کی، جبکہ ضلع بھر کے مواضعات میں اراضی ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام مواضعات کے بنیادی ریکارڈ بشمول کھیوٹ، کھتونی اور خسرہ نمبرات کی سو فیصد درستگی یقینی بنائی جائے اور انہیں ڈیجیٹل میپنگ کے ذریعے جدید نظام سے منسلک کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) کے ساتھ ریکارڈ کو مربوط کر کے زمین کی حد بندی اور ملکیت کے معاملات میں شفافیت لائی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد پٹوار کلچر کا خاتمہ اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر شفاف اور قابلِ رسائی ریکارڈ کی فراہمی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام تحصیلوں میں کھیوٹ وار ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تحصیلداروں اور پٹواریوں کو ہدایت کی کہ کمپیوٹرائزیشن کے دوران ہر اندراج کی مکمل تصدیق کی جائے تاکہ مستقبل میں وراثتی انتقال، خرید و فروخت اور دیگر قانونی معاملات میں شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ منصوبہ زمین کے ریکارڈ میں شفافیت اور عوامی سہولت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔



