جہلم: ہمارے جوانوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: یومِ تشکر کے موقع پر پاک افواج کے سپہ سالار جنرل حافظ سید عاصم منیر کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 مئی کو بھارت کے خلاف حاصل کردہ تاریخی فتح نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے اور ملک کے ہر فرد نے اپنے انداز میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔
حافظ عبدالحمید عامر نے اس عظیم کارنامے میں اللہ کے فضل و کرم کے ساتھ ساتھ پاک افواج کی پیشہ ورانہ تربیت، جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔
انہوں نے اندرونی سطح پر افواج کے خلاف زہر اگانے والے چند عناصر کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ لوگ اپنی نفرت میں ملکی مفاد اور سالمیت کی پرواہ کیے بغیر عدم برداشت کی فضا پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے تاکہ ملک میں اتحاد و سلامتی قائم رہ سکے۔
نائب مدیر الجامعہ اور جنرل سیکرٹری اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان، حافظ عبدالغفور مدنی نے خطاب میں کہا کہ جنگوں میں وسائل کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، مگر مومن کی شہادت کی تمنا، میدان جنگ میں اس کی جیت کی ضمانت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی بھی اس جذبے کے سامنے کمزور پڑ جاتی ہے اور رافیل طیارے گرانا کوئی مشکل کام نہیں رہتا۔
رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر کی ہدایات کے تحت جمعۃ المبارک کو جہلم بھر میں یوم تشکر کے طور پر منایا گیا۔ تمام مساجد کے خطباء کو پیغام دیا گیا کہ وہ اپنے خطبات میں پاک افواج کو خراج تحسین پیش کریں۔ اس مخلصانہ جذبے کو عوام نے بے حد سراہا اور ملک کے لیے اپنی محبت کا کھل کر اظہار کیا۔



