انفورسمنٹ سینٹر بنانے کا منصوبہ شہریوں کے مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، میثم عباس


جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے انفورسمنٹ سینٹر جہلم کے لئے مجوزہ جگہ کا دورہ کیا، جہاں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی صبا سحر نے انہیں پنجاب حکومت کے احکامات کے تحت انفورسمنٹ سینٹر کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ حکومت پنجاب کا انفورسمنٹ سینٹر بنانے کا یہ منصوبہ شہریوں کے مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس مرکز کے قیام سے بلدیاتی اداروں سے متعلق شکایات کو فوری اور مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے گا، جس سے عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ مجوزہ انفورسمنٹ سینٹر کی عمارت کی فوری مرمت اور بہتری کی جائے اور وہاں ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین خدمات میسر آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مرکز عوام کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم ہوگا جہاں وہ اپنی شکایات کا ازالہ بروقت حاصل کر سکیں گے اور یہ اقدامات شہری سہولتوں کے فروغ اور حکومتی اہداف کی تکمیل میں معاون ثابت ہوں گے۔



