خواتین، بچوں اور کمزور طبقات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، فیصل سلیم

جہلم: ایس پی انویسٹی گیشن جہلم فیصل سلیم کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس جہلم میں ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ڈی پی او صدر سرکل، ایس ڈی پی او سٹی سرکل، ایس ڈی پی او سوہاوہ سرکل، اور ایس ایچ اوز شامل تھے۔
میٹنگ میں تھانہ صدر، تھانہ دینہ، تھانہ کالا گجراں، تھانہ چوٹالہ، تھانہ منگلا کینٹ، تھانہ سوہاوہ، تھانہ ڈومیلی، تھانہ سٹی، اور تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ اوز بھی شریک ہوئے جبکہ ایس ڈی پی او پنڈدادنخان سرکل نے ویڈیو لنک کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے تھانہ جات کو ایس آئی پی ایس (SIPS) اور ایس او پیز پر مکمل عمل کرنے کی ہدایت دی اور تاکید کی کہ تھانوں کی صفائی اور سروسز کے معیار پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے سنگین نوعیت کے مقدمات میں تفتیشی عمل، ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ خواتین، بچوں اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا اور متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ ایسے کسی بھی واقعہ کی رپورٹ ہونے پر فوراً موقع پر پہنچیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید کہا کہ ایس ڈی پی اوز تفتیش کی نگرانی کریں اور میرٹ پر یکسوئی کو یقینی بنائیں تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا مل سکے۔ ایس ایچ اوز کو اپنے علاقے کے کرائم ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے مؤثر گشت اور ناکہ بندی کرنے کی ہدایت دی۔
آخر میں ایس پی انویسٹی گیشن نے تھانہ جات، چوکیات اور پولیس دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آ کر ان کے مسائل فوری حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔



