دینہ میں مہنگے داموں گیس سلنڈر فروخت کرنے پر دو گیس پلانٹس کو بھاری جرمانے

دینہ میں مہنگے داموں گیس سلنڈر فروخت کرنے پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ اور سول ڈیفنس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو گیس پلانٹس کو مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔ کارروائی عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل، عدیل بٹ اور سول ڈیفنس کی ٹیم نے القاسم گیس پلانٹس اور روہتاس گیس پلانٹس کا معائنہ کیا۔ دورانِ معائنہ یہ انکشاف ہوا کہ دونوں پلانٹس پر گیس سلنڈر سرکاری مقررہ نرخ 2895 روپے کے بجائے 3395 روپے میں دوکانداروں کو سپلائی کیے جا رہے تھے۔
اس سنگین خلاف ورزی پر دونوں پلانٹس کو پچاس، پچاس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اور سخت وارننگ جاری کی گئی کہ آئندہ اگر گیس سلنڈر زائد نرخوں پر فروخت کیے گئے تو قانونی کارروائی کی جائے گی، جو کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیف آفیسر دینہ نے دوکانداروں کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ سرکاری نرخ سے تجاوز نہ کریں، ورنہ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کہیں مہنگے داموں گیس سلنڈر فروخت ہوتے دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔



