جہلم میں برائلر گوشت کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ، عوام پریشان

جہلم شہر میں برائلر گوشت کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ اور کم وزن فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ برائلر گوشت 750 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ کے برعکس 850 گرام کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے عوام کو مہنگائی کے ساتھ ساتھ کم وزن کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے تیسرے عشرے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور برائلر گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ پہلے ہی گائے اور بکرے کا گوشت خریدنا غریب عوام کے لیے جوئے شیر لانے کے مترادف تھا، اب برائلر بھی مہنگا ہو گیا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی خاموشی انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہے، جو گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔
شہریوں نے کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



