جہلم: محکمہ اوقاف کی زمین پر تنازع، اہل علاقہ نے ڈائریکٹر اوقاف کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا


جہلم: تھانہ سول لائن کے علاقہ ڈھوک جمعہ میں محکمہ اوقاف کی ملکیتی زمین پر تنازع شدت اختیار کر گیا۔ سرکاری چار دیواری کی تعمیر کے دوران اہل علاقہ نے محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر اور عملے سے بدتمیزی، گالی گلوچ اور تشدد کیا، جبکہ ڈائریکٹر اوقاف کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف کی ٹیم سرکاری عملے کے ہمراہ جہلم کے علاقے ڈھوک جمعہ میں واقع سرکاری اراضی پر چار دیواری تعمیر کرنے پہنچی تو اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے ڈائریکٹر اوقاف اور عملے کے ساتھ بدسلوکی کی۔ مشتعل افراد نے نہ صرف عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ ڈائریکٹر اوقاف کا گریبان پکڑ کر دھمکیاں بھی دیں۔
صورتحال بگڑنے پر ڈائریکٹر اوقاف نے فوراً 15 پر کال کر کے پولیس کو طلب کیا اور بڑی مشکل سے اپنی جان بچا کر تھانہ سول لائن پہنچے۔ ڈائریکٹر اوقاف نے واقعے کے خلاف تھانہ سول لائن میں تین نامزد اور 10 سے 15 نامعلوم افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے درخواست دے دی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) جہلم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم سے ملاقاتیں بھی کیں اور کارِ سرکار میں مداخلت کرنے والے اور سرکاری عملے پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



