پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان برپا

جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوگیا۔ غریب سفید پوش افراد رل گئے ،حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے رواں ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے شہری تنظیموں کے عمائدین نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم کرنے کی بجائے غیر معمولی اضافہ کردیاہے جس کی وجہ سے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا،بے پناہ ٹیکسز لگائے گئے،غریب سفید پوش افراد کے لئے جینا بھی مشکل ہو گیاہے اور مرنا بھی مشکل بنا دیا گیاہے۔حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بلند و بانگ دعوے کرکے برسراقتدار آئے اور آتے ہی مہنگائی کے پہاڑ ڈھانے شروع کردیئے، 1 سو56 روپے لیٹر والا پٹرول 2 سو77 روپے45 پیسے فی لیٹر مقرر کرکے فروخت شروع کردی ہے ۔غریب افراد کے گھر وں میں فاقوں نے بسیرے ڈال لئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وقت غریب کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے درپے ہے ، حکومت کو چاہئے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم کرے تاکہ دیگر اشیاء خوردنوش کی قیمتیں کم ہوں اورغریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکیں ۔



