محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں صبر، برداشت اور اتحاد کا درس دیتا ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: معروف سماجی و مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس مہینہ ہمیں صبر، برداشت اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حق و سچائی کے لیے جو عظیم قربانی پیش کی، وہ رہتی دنیا تک انسانیت، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی رہے گی۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ محرم الحرام صرف یزیدیت کے خلاف قیام کا مہینہ نہیں بلکہ یہ ہمیں ایک منظم، پرامن اور بیدار معاشرے کی تشکیل کا راستہ دکھاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ایّام میں مجالس و جلوسوں کا انعقاد ہماری مذہبی آزادی اور عقیدت کا مظہر ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ امن و امان کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مکاتب فکر کے افراد ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں اور کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جو فرقہ واریت یا نفرت کو جنم دے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جا سکے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں ہمیں زیادہ ذمہ داری، بردباری اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ ہم سب مل کر ایک پرامن، مستحکم اور محفوظ معاشرہ تشکیل دے سکیں۔



