صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اب کتنا صفائی ٹیکس دینا ہوگا؟

جہلم: حکومت پنجاب نے جہلم سمیت صوبے بھر میں صفائی فیس نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد شہری سہولیات کی بہتری اور صفائی کے نظام کو موثر بنانا ہے۔

محکمہ بلدیات پنجاب کے مطابق شہریوں سے 200 روپے سے لے کر 5000 روپے تک صفائی فیس وصول کی جائے گی، جو رہائشی اور کمرشل نوعیت کے علاقوں کے حساب سے مختلف ہوگی۔ شہری اور دیہی علاقوں کے لیے فیس کا الگ الگ ڈھانچہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت رہائشی علاقوں میں نسبتاً کم اور کمرشل ایریاز میں زیادہ فیس عائد کی جائے گی۔

فیس کی وصولی کا نظام ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، تاہم ابتدائی دو ماہ بلز کو پرنٹ کر کے شہریوں تک پہنچایا جائے گا۔ شہری اپنی فیس آن لائن ایپلیکیشن کے ذریعے بھی ادا کر سکیں گے، جبکہ وہ علاقے جہاں آن لائن ادائیگی ممکن نہیں ہوگی، وہاں صفائی کمپنیوں کے سپروائزرز فیس وصول کریں گے۔

محکمہ بلدیات کا کہنا ہے کہ "ستھرا پنجاب مہم” گزشتہ آٹھ ماہ سے بلا تعطل جاری ہے، اور اس دوران عوام سے کوئی فیس وصول نہیں کی گئی۔ اب اس مہم کو پائیدار بنانے کے لیے فیس کا باقاعدہ نفاذ کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں فیس وصولی کا ہدف 15 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ بلدیات کے مطابق فیس وصولی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا جس کے بعد باقاعدہ طور پر وصولی کا عمل شروع ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button