جولائی سے ڈاکخانوں میں بجلی کے بل وصول نہ کرنے کا حکم، دیہی علاقوں میں شدید تشویش

پڑی درویزہ/ سوہاوہ: اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع اور اسلام آباد کے تمام ڈاکخانوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ماہِ جولائی 2025 سے بجلی کے یوٹیلٹی بلز کی وصولی بند کر دی جائے۔

اس فیصلے نے بالخصوص دیہی علاقوں کے لاکھوں صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جہاں اکثریت کے پاس جدید ٹیکنالوجی، خاص طور پر اینڈرائیڈ موبائل اور آن لائن سہولیات، دستیاب نہیں ہیں۔

آئیسکو کی طرف سے جاری کردہ سرکاری چٹھی کے مطابق، جولائی سے کسی بھی ڈاکخانے میں بجلی کے ماہانہ بل وصول نہیں کیے جائیں گے۔ حیران کن طور پر، اس احکامات میں عوام کے لیے کوئی متبادل طریقہ کار تجویز نہیں کیا گیا، جس کے باعث راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں میں صارفین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق صرف 5 فیصد صارفین کے پاس اینڈرائیڈ موبائل یا انٹرنیٹ بینکنگ کی سہولت دستیاب ہے جبکہ 95 فیصد دیہی و پسماندہ علاقوں میں بسنے والے شہریوں کے لیے آن لائن بل جمع کروانا نہایت مشکل یا ناممکن ہے۔ ان علاقوں میں آج بھی ڈاکخانے واحد سہولت ہیں جہاں صارفین اپنے یوٹیلٹی بلز آسانی سے جمع کرا سکتے ہیں۔

اس صورتحال پر شدید ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے شہری و سماجی حلقوں، بالخصوص بجلی صارفین کی اکثریت نے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی و قدرتی وسائل، سردار اویس خان لغاری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی "رائٹ سائزنگ”، "ڈاؤن سائزنگ” اور "سورس آؤٹ” جیسی پالیسیوں نے پہلے ہی بینک جیسے قومی ادارے عوام سے چھین لیے ہیں، اور اب ڈاکخانوں کو بھی غیر فعال بنانے کی کوششیں جاری ہیں، جو ایک عوام دشمن اقدام تصور کیا جا رہا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلز کی وصولی دیگر یوٹیلٹی بلز کی طرح ڈاکخانوں میں بدستور جاری رکھی جائے تاکہ دیہی صارفین کو ذہنی اذیت اور مالی مشکلات سے بچایا جا سکے۔ حکومت کو فوری طور پر اس فیصلے پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے عوام دوست اقدامات کا اعلان کرنا چاہیے، تاکہ پاکستان پوسٹ جیسا قابلِ اعتماد ادارہ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button