ڈویژنل فارسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل کا جہلم سے خوشاب تبادلہ، الوداعی تقریب کا انعقاد

جہلم: پوٹھوہار ریجن محکمہ جنگلات کے افسران کی جانب سے ڈویژنل فارسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل کے جہلم سے خوشاب تبادلے کے موقع پر ایک سادہ مگر نہایت باوقار اور یادگار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب فاریسٹ ریسٹ ہاؤس چنجی، تحصیل تلہ گنگ میں منعقد ہوئی، جس نے نہ صرف میزبانوں بلکہ شرکاء کے دلوں پر بھی گہرا اثر چھوڑا۔
تقریب میں چیف فاریسٹ آفیسر پوٹھوہار ریجن شوکت علی خان، ڈی سی ایف اٹک، جہلم اور چکوال، اے سی ایف اور ایف پی او صاحبان سمیت محکمۂ جنگلات کے افسران و عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا ماحول خلوص، محبت اور احترام سے بھرپور تھا، جو اس بات کا واضح ثبوت تھا کہ سدھیر احمد مغل نے اپنے دورِ تعیناتی میں نہ صرف پیشہ ورانہ خدمات انجام دیں بلکہ ماتحت عملے کے دل بھی جیتے۔
اس موقع پر سدھیر احمد مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوٹھوہار فاریسٹ سرکل کی جانب سے ملنے والی گرم جوشی، عزت اور محبت نے انہیں گہرے طور پر متاثر کیا ہے، جسے الفاظ میں بیان کرنا ان کے لیے مشکل ہے۔
انہوں نے چیف فاریسٹ آفیسر شوکت علی خان کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک منظم، متحرک اور باہمی احترام پر مبنی ٹیم کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوٹھوہار ریجن میں گزارا گیا وقت، یہاں حاصل ہونے والے تجربات اور ساتھیوں کی محبتیں ان کی زندگی کے حسین یادگار لمحات میں ہمیشہ شامل رہیں گی اور دی جانے والی عزت و مہربانیوں کو وہ تادیر اپنے دل میں محفوظ رکھیں گے۔
تقریب کے اختتام پر میزبان افسران کی جانب سے سدھیر احمد مغل کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا، جبکہ شرکاء نے اس الوداعی نشست کو ایک ناقابلِ فراموش لمحہ قرار دیا۔



