جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم نہ ہوئے، شہری حکومتی ریلیف سے محروم

جہلم: حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود جہلم سے دیگر شہروں کے لیے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہو سکی، جس کے باعث شہری حکومتی ریلیف سے محروم رہ گئے۔

رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کو امید تھی کہ ڈیزل سستا ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی نمایاں کمی کی جائے گی، تاہم ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کی مبینہ عدم توجہی کے باعث ٹرانسپورٹرز بدستور پرانے اور زائد کرایے وصول کر رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے خصوصاً غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے، جو روزانہ سفر کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتے ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں کرایوں میں کمی نہ ہونا عوام کے لیے مزید بوجھ بن گیا ہے۔

سماجی، فلاحی اور شہری تنظیموں کے نمائندگان نے ڈپٹی کمشنر جہلم، اسسٹنٹ کمشنرز اور سیکرٹری آر ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے مطابق نئے کرایہ نامے فوری جاری کیے جائیں اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بھی نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ریلیف کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button