جہلم کے سینئر وکلاء کا جی ٹی روڈ کی خستہ حالی پر اظہارِ تشویش، فوری مرمت کا مطالبہ

جہلم: ضلع جہلم کے سینئر وکلاء چوہدری فرحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، چوہدری راحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، چوہدری افضال احمد ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، سیف مفتی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، چوہدری محمد عرفان ایڈووکیٹ ہائی کورٹ اور عمر فاروق ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر جہلم کو تحریری درخواست دے کر جی ٹی روڈ کی انتہائی خستہ حالی کا فوری نوٹس لینے اور سڑک کی مرمت کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوہاوہ تا جہلم جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کے باعث اس اہم شاہراہ پر سفر کرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور آئے روز حادثات کا خطرہ موجود رہتا ہے۔

سینئر وکلاء نے کہا کہ ضلع جہلم پنجاب کے ان اضلاع میں شامل ہے جہاں سے حکومت کو نمایاں ریونیو حاصل ہوتا ہے، جبکہ ضلع میں قائم دو ٹول پلازوں سے بھی روزانہ لاکھوں روپے کی رقم وصول کی جاتی ہے۔ اس کے باوجود جی ٹی روڈ کی موجودہ حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سڑک پر موجود گہرے گڑھوں اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث نہ صرف قیمتی گاڑیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ گڑھوں سے بچنے کی کوشش میں گاڑیوں کے حادثات بھی پیش آتے ہیں، جس سے قیمتی انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید ذہنی اذیت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ طویل عرصے سے مرمت نہ ہونے کے باعث گاڑیوں کی حالت بھی متاثر ہو رہی ہے۔

سینئر وکلاء نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے متعلقہ حکام، بالخصوص ڈپٹی ڈائریکٹر پیئر اینڈ مینٹیننس، وزیرآباد کو جہلم تا سوہاوہ جی ٹی روڈ کی فوری مرمت اور بحالی کے لیے ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ کی بروقت مرمت نہ صرف شہریوں کو سفری مشکلات سے نجات دلائے گی بلکہ سڑک پر ہونے والے حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button