جہلم میں سی سی ڈی کی موثر کارروائیاں،جرائم میں نمایاں کمی، ایک سال میں 31 خطرناک ملزمان مبینہ مقابلوں میں ہلاک

جہلم: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) جہلم کی مؤثر حکمت عملی، مسلسل کارروائیوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے باعث ضلع جہلم میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف سنگین جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق قتل، ڈکیتی، سرقہ بالجبر، موٹر سائیکل اور کار چوری سمیت متعدد جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ضلع جہلم میں قتل کے مقدمات میں 30 فیصد، ڈکیتی کے مقدمات میں 63 فیصد اور سرقہ بالجبر کے واقعات میں بھی 63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح کار چھیننے کے مقدمات میں 100 فیصد، موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 55 فیصد، کار چوری کے مقدمات میں 93 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں 46 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نقب زنی کے مقدمات میں بھی 50 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر کارکردگی کا مظہر قرار دی جا رہی ہے۔

کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ ایک سال کے دوران کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں پانچ چوری شدہ گاڑیاں اور چالیس چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر کے ان کے اصل مالکان کے حوالے کیں۔ اس کے علاوہ چالیس چوری شدہ موبائل فونز اور تقریباً 30 تولہ طلائی زیورات بھی برآمد کیے گئے۔

محکمہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مختلف مقدمات میں مجموعی طور پر 5 کروڑ 57 لاکھ 56 ہزار روپے نقدی اور 800 یورو بھی برآمد کیے گئے، جو قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیے گئے۔

کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جہلم نے ایک سال کے دوران 81 خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا، جبکہ 31 خطرناک مجرمان اپنے منطقی انجام کو پہنچے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق عوام کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کی روک تھام اور ضلع میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ محکمہ جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس معلومات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جرائم کے خاتمے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جرائم کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک بنانے کے مشترکہ مقصد کو حاصل کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button