جہلم میں حساس اداروں اور پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن، 4 افغان باشندوں سمیت 39 افراد گرفتار

جہلم میں حساس اداروں اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن میں 4 افغان باشندوں سمیت 39 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر حساس اداروں اور پولیس کی جانب سے مشترکہ سرچ آپریشن تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ پولیس کے مطابق دو دنوں کے دوران 4 افغان باشندوں سمیت مجموعی طور پر 39 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو حراست میں لے کر ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر افغان باشندوں کو پناہ دینے والے تین افراد کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی رہائش پذیر 32 افراد کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مکان مالکان کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کرایہ داروں کا اندراج متعلقہ تھانوں میں لازمی کروائیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا، غیر قانونی رہائش کے خاتمے اور دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کی روک تھام ہے۔ پولیس کے مطابق ایسے عناصر جو قانون کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں یا غیر قانونی مقیم افراد کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ضلع میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
@jhelumupdates جہلم میں بڑا سرچ آپریشن، 39 افراد پکڑے گئے #JhelumUpdates #LatestNews #breakingnews #fyp #viralvideos #foryoupagе #jhelum #tiktoknews #newsupdate #latestupdates #dina #pinddadankhan #sohawa #jhelumpolice ♬ original sound – Jhelum Updates



