ضلع جہلم کے کسانوں میں بذریعہ قرعہ اندازی زرعی آلات تقسیم

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسام طارق، ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن مزمل تارڑ، سب ڈویژنل آفیسر زین طارق اور یونٹ انچارج چوہدری احسان علی نے بذریعہ قرعہ اندازی کسانوں میں زرعی آلات تقسیم کئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسام طارق کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے جدید مشینی کاشت سے فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کے تحت 60 فیصد سبسڈی پر زرعی آلات کی سکیم کے حوالے سے قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی۔ کنوینیر اے ڈی سی آرحسام طارق کی ہدایت پر ضلعی افسران نے شرکت کی۔
قرعہ اندازی کی تقریب میں ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن مزمل تارڑ، سب ڈویژنل آفیسر زین طارق اور یونٹ انچارج چوہدری احسان علی نے شرکت کی، اس موقع پر کاشتکاروں کی کثیرتعداد موجود تھی۔
حسام طارق نے اس موقع پرکسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان ہمارے ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، انہیں خوشحال کئے بغیر شعبہ زراعت کو پروان نہیں چڑھایا جا سکتا۔ کسانوں کو چاہیے کہ حکومت کی طرف سے ملنے والے زرعی آلات کا بہتر طریقے سے استعمال کرکے کاشت کاری کو پروان چڑھاتے ہوئے ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔
اس موقع پرڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن مزمل تارڑنے کہا کہ زراعت کی ترقی و توسیع حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کسانوں اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لے رہی ہیں۔ جلالپور کندوال نہر سے آبی مسائل میں کمی واقع ہوگی اور کسان خوشحال ہوگا، جو اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت پنجاب محض زبانی کلامی نعروں کی بجائے عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے۔
قرعہ انداز ی میں حصہ لینے والے کسانوں نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے زراعت کے شعبے کو مزید تقویت ملے گی اور کسان خوشحال ہوں گے۔



