جہلم پنڈدادنخان روڈ تجاوزات کی زد میں، حادثات اور ٹریفک جام معمول بن گئے

جہلم پنڈدادنخان روڈ پر قائم تجاوزات شہریوں کے لیے وبال جان بن گئیں، جبکہ سڑک کے دونوں اطراف غیر قانونی اسٹالز، ریڑھیوں اور دکانوں کے پھیلاؤ کے باعث حادثات اور ٹریفک جام روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور پیرا فورس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم تا پنڈدادنخان روڈ کے مختلف علاقوں سنگھوئی، چوٹالہ، داراپور، جلالپور شریف، پنڈی سیدہور، پننوال، دھریالہ جالپ اور ہرنپور میں سڑک کنارے قائم تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے بلکہ مقامی افراد کے لیے پیدل چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹ قوانین اور انسدادِ تجاوزات پالیسی کے باوجود پیرا فورس جہلم، پیرا فورس پنڈدادنخان اور متعلقہ انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے۔ ان کے مطابق کمزور انفورسمنٹ اور مستقل آپریشنز نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید گھمبیر ہوتی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ہائی وے کی سرکاری اراضی پر غیر قانونی استعمال، پارکنگ ایریاز کا غیر مجاز کمرشل استعمال اور نکاسی آب کے نالوں پر قبضے انتظامی بے ضابطگیوں کی واضح مثالیں ہیں، جس کے باعث نہ صرف ٹریفک جام معمول بن چکا ہے بلکہ ریسکیو اور دیگر ہنگامی سروسز کی نقل و حرکت بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
شہری حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں صرف وقتی اور نمائشی آپریشنز تک محدود رہتی ہیں، جبکہ آپریشن ختم ہوتے ہی تجاوزات مافیا دوبارہ متحرک ہو جاتا ہے، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے فوری نوٹس لینے اور جہلم پنڈدادنخان روڈ پر قائم تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



