ناقص سیفٹی انتظامات، پنڈدادنخان کی سیمنٹ فیکٹری میں شفٹ انچارج لوڈر کے نیچے آ کر جاں بحق

پنڈدادنخان کی نجی سیمنٹ فیکٹری میں سیفٹی کے ناقص انتظامات، فیکٹری میں شفٹ انچارج مبینہ طور پر لوڈر کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گیا، انتظامیہ حسب معمول معاملہ دبانے میں مصروف رہی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں قائم بدانتظامی کا شکار ڈنڈوت سیمنٹ فیکٹری میں ناقص سیفٹی کے انتظامات کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں۔ گزشتہ رات گول پور کے غیر تربیت یافتہ لوڈر آپریٹر نے شفٹ انچارج حمزہ سبحانی سکنہ سرائے عالمگیر کو کچل دیا۔
مبینہ طور پر گولپور کا رہائشی عرفان نامی ان ٹرینڈ لوڈر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ فیکٹری افسران نے معاملہ دبا دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈرائیور نے گزشتہ شب 2 بجے کے قریب میٹریل کو تیز رفتاری سے فارورڈ کرنے کے چکروں میں قریب کھڑے شفٹ انچارج کو ٹائروں تلے کچلا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسی فیکٹری میں کھیوڑہ کا رضا نامی نوجوان کام کے دوران شدید زخمی ہوگیا تھا جسکی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔ فیکٹری انتظامیہ نے ڈیلی ویجیز ورکر کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا تھا جو اپنی مدد آپ کے تحت لاکھوں روپے خرچ کرکے علاج کرواتا رہا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور ڈی سی جہلم سمیت اعلی حکام سےاپیل کی ہے کہ سینکڑوں خاندانوں کا معاشی قتل کرنے والی فیکٹری انتظامیہ کو لیبر لاء کے ضابطہ کا پابند کرتے ہوئے موثر سیفٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ مزید جانی ضیاع سے بچا جاسکے اور اس افسوسناک واقعہ کی اعلی سطح پر تحقیقات کروائی جائیں۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



