الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد اتوار کے روز گلریز 1 میں واقع اسٹارٹ ویل ایجوکیشن اسکول، ہاؤس نمبر 9، گلی نمبر 1 میں کیا گیا جو دن 11 بجے سے 1 بجے تک جاری رہا۔
الفلاح فاؤنڈیشن جو کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی فلاحی ذیلی تنظیم ہے، شیخ سلسلہ امیر عبدالقدیر اعوان کی زیر نگرانی ملک بھر میں انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔
کیمپ میں ماہرین طب پر مشتمل ایک جامع ٹیم نے خدمات انجام دیں، جن میں ڈینٹل سرجن، گائناکالوجسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ اور فزیو تھراپسٹ شامل تھے۔ مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور ضروری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ یہ میڈیکل کیمپ نہ صرف مستحق افراد کے لیے معاون ثابت ہوا بلکہ سفید پوش طبقے کو بھی باعزت طبی سہولیات فراہم کرنے کا ذریعہ بنا۔
الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان میں بلاامتیاز رنگ، نسل، مذہب اور سیاست فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اس کی بنیاد معروف روحانی شخصیت حضرت امیر محمد اکرم اعوانؒ نے رکھی تھی جبکہ اس وقت اس کی سرپرستی ان کے جانشین شیخ امیر عبدالقدیر اعوان کر رہے ہیں۔
کیمپ سے مستفید ہونے والے مریضوں نے الفلاح فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا اور شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد صحت کی بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔



