اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت کا کھیوڑہ مین بازار کا دورہ، صفائی اور ریٹ لسٹ کا جائزہ لیا

پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے کھیوڑہ مین بازار کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف دکانوں پر جا کر سرکاری ریٹ لسٹ چیک کی اور دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے بازار اور گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا اور “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت آر ڈبلیو ایم سی (RWMC) ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے کو یقینی بنایا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ صفائی میں غفلت یا سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ بازاروں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



