پنجاب کے کالجز میں بھارتی گانوں پر ڈانس سمیت غیر اخلاقی اور فحش سرگرمیوں پر سخت نوٹس

جہلم: پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے سرکاری اور پرائیویٹ کالجز میں بھارتی گانوں پر ڈانس سمیت غیر اخلاقی اور فحش سرگرمیوں پر سخت نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے تمام سرکاری و نجی کالجز میں غیر اخلاقی اور فحش سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی) کالجز پنجاب نے جہلم سمیت صوبے بھر کے ڈائریکٹر کالجز کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈویژن نے ڈی پی آئی کالجز پنجاب کی ہدایات پر تمام سرکاری اور نجی کالجز کے پرنسپلز کو احکامات جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق فن فیئر، اسپورٹس گالا اور دیگر تقریبات میں انڈین گانوں پر طلبہ اور اساتذہ کے رقص پر سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈائریکٹر کالجز کے مطابق سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو اس بات کی اطلاع دی گئی تھی کہ بعض کالجز میں فن فیئر اور اسپورٹس گالا جیسے پروگراموں میں انڈین گانوں پر غیر اخلاقی اور فحش رقص کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف اسلامی اقدار کے خلاف ہے بلکہ تعلیمی اداروں کے تقدس کو بھی پامال کرتا ہے۔
ڈائریکٹر کالجز نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالجز ایک مقدس تعلیمی مقام ہیں، جہاں تعلیمی ماحول کو برقرار رکھنے اور قومی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے کسی بھی غیر اخلاقی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر کسی کالج میں فن فیئر، اسپورٹس گالا یا دیگر تقریبات کے دوران ان احکامات کی خلاف ورزی کی گئی تو متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



