پیرا فورس کے نام پر نوسربازی، جہلم میں جعلی اہلکار دکانداروں سے جرمانوں کے نام پر رقم بٹورنے لگے

جہلم شہر میں نوسربازی کا ایک نیا طریقہ سامنے آیا ہے جہاں نامعلوم افراد خود کو پیرا فورس کے اہلکار ظاہر کر کے دکانداروں سے جرمانوں کے نام پر رقم وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ نوسرباز عموماً رات کے وقت دکانوں پر پہنچتے ہیں اور دکانداروں کو مقررہ وقت کے بعد دکان کھلی رکھنے کا جواز بنا کر ہراساں کرتے ہیں۔ اس دوران وہ خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرتے ہوئے جرمانہ عائد کرنے کا کہہ کر رقم کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اسی نوعیت کا ایک واقعہ چک دولت کے قریب پیش آیا، جہاں دو نامعلوم افراد ہنڈا 125 موٹر سائیکل پر سوار ہو کر “حاجی اینڈ سنز” پیزا شاپ پر پہنچے۔ انہوں نے دکاندار کو کہا کہ دکان مقررہ وقت کے بعد کھلی ہے اور 20 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جس کے لیے اگلے دن رقم دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر دکانیں بند نہ ہونے کا بہانہ بنا کر دباؤ ڈالتے ہیں اور انکار کرنے پر قانونی کارروائی کی دھمکیاں بھی دیتے ہیں۔ بعض دکانداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات میں لاکھوں روپے تک بٹورے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان پیرا فورس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل اہلکار ہمیشہ سرکاری گاڑی میں آتے ہیں اور کسی بھی خلاف ورزی پر چالان صرف آن لائن طریقے سے کیا جاتا ہے، موقع پر کسی بھی قسم کی رقم وصول نہیں کی جاتی۔

حکام نے شہریوں اور دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ ایسے نوسرباز عناصر سے ہوشیار رہیں، کسی بھی مشکوک شخص کو رقم نہ دیں اور فوری طور پر متعلقہ پولیس یا اداروں کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button