جہلم میں ہنی ٹریپ گینگ کی سرغنہ نائلہ خاتون ساتھی عیشا سمیت گرفتار

جہلم پولیس کی بڑی کارروائی، ہنی ٹریپ گینگ کی سرغنہ نائلہ کو خاتون ساتھی عیشا سمیت گرفتار کر لیا گیا، بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی۔ دو ماہ قبل ڈاکٹر بلال نامی شہری کو ٹریپ کر کے ویڈیو نازیبا بنا کر بلیک کر کے لاکھوں روپے ہتھیائے گئے۔ اس کیس میں دو پولیس ملازمین سمیت تین ملزمان پہلے ہی جیل جاچکے ہیں، مزید انکشافات متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں دو ماہ قبل ڈاکٹر بلال نامی شہری کی درخواست پر تھانہ سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہنی ٹریپ گینگ کے دو پولیس ملازمین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور گینگ کی دو خواتین اور ایک پولیس ملازم سمیت دو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
تھانہ سول لائن پولیس جہلم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والی دو خواتین گینگ کی سرغنہ نائلہ اور عیشا سدرہ کو گرفتار کر کے مجموعی طور پرطور پر اڑھائی کلو سے زائد منشیات برآمد کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والی ملزمہ نائلہ زوجہ قیصر جو کہ ہنی ٹریپ گینگ کی ماسٹر مائنڈ ہیں۔ گینگ کافی عرصہ سے لوگوں کو بلیک میل کر رہے ہیں۔ اس گینگ کا ٹارگٹ بیوروکریٹس، اوورسیز پاکستانی اور بزنس مین ہوتے ہیں۔ عیشا عرف سدرہ نامی لڑکی کے ذریعے شہریوں ٹریپ کیا جاتا ہے اور ویڈیو بنا کر بلیک میل کیا جاتا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر بلال نامی شہری کو ٹریپ کر کے بلیک میل کیا گیا اور چار لاکھ روپے بٹورے گئے۔ بلال کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے گینگ میں شامل مظہر حیدر پولیس کانسٹیبل، اقرار کانسٹیبل اور سرکاری اہلکار احسن نیاز کو گرفتار کیا جبکہ دو خواتین نائلہ اور عیشا عرف سدرہ کو بھی گزشتہ روز گرفتار کر لیا گیا جن سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کی اس بڑی کارروائی پر شہریوں نے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ، ایس ایچ او سول لائن چوہدری عمران اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ ہنی ٹریپ گینگ میں کون کون ملوث ہے؟ اس سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ جلد شائع کی جائے گی۔



