جہلم شہر بھکاریوں کی محفوظ پناہ گاہ میں تبدیل، بھکاریوں نے فلیٹس بھی کرائے پر لے لئے

جہلم شہر میں بھکاریوں کی یلغار، شہر کے مختلف علاقے بھکاریوں کی محفوظ پناہ گاہ میں تبدیل، بھکاریوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں فلیٹس بھی کرائے پر لے رکھے ہیں اور اپنے اہل و عیال کے ساتھ کرائے کے مکانوں میں رہائشیں اختیار کررکھی ہیں۔
بھیک مانگنے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے آنے والی فیملیوں کو تنگ کرنا بھی معمول بنا لیاہے ۔ پیشہ ور بھکاری شہر کے بازاروں ، گلی محلوں میں انتہائی برے اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
صبح ہوتے ہی بھکاریوں کی ٹولیاں شاندار چوک ،ریلوے روڈ، تحصیل روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ اور سول لائن روڈ پر ڈیرے ڈال لیتے ہیں جبکہ ضلع کچہری ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، جنرل بس اسٹینڈ ، لاری اڈہ اور ریلو اسٹیشن پر خوبرو لڑکیوں کے ساتھ خیمہ ذن ہو جاتے ہیں۔
اس طرح خریداری سمیت دیگر امور کے لئے آنے والے شہریوں کو بھیک دینے پر مجبور کرتے ہیں، بھیک نہ دینے والوں کو بلند آواز میں بددعائیں دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ ، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ گدا گروں کو گدا گری ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے ۔



