ضلع جہلم شدید گرمی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچ گیا

جہلم: پنجاب کے کئی علاقوں بشمول جہلم میں شدید گرمی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقے جیسے جہلم، لاہور، فیصل آباد، ملتان، اور بہاولپور شدید موسمی دباؤ کا شکار ہیں جہاں درجہ حرارت روز بروز بڑھ رہا ہے اور گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جہلم میں کم از کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور میں کم از کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں کو شدید گرمی کی لہر سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 مئی تک درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے جو کہ صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات اور طبی ماہرین نے عوام کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر دن کے گرم ترین اوقات میں، سر کو ٹوپی یا کپڑے سے ڈھانپیں اور پانی و دیگر مشروبات کا استعمال بڑھائیں تاکہ جسمانی پانی کی کمی نہ ہو۔ غیر ضروری سرگرمیوں سے پرہیز کرنا اور ہیٹ ویو الرٹس پر خاص توجہ دینا بھی انتہائی ضروری ہے۔
گرمی کی اس شدید لہر سے خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو زیادہ خطرہ ہے، کیونکہ یہ جسمانی صحت کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔



