ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اشیائے خورد و نوش کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور گرانفروشی پر قابو پانے کے لیے مختلف اشیائے خورد و نوش کی نئی قیمتیں مقرر کر دی گئیں۔
اجلاس میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین راجہ کامران حیات، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح ہدایت جاری کی کہ مقرر کردہ قیمتوں پر عمل درآمد میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور حکومتی نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اجلاس کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانا اور عوام کو مناسب نرخوں پر بنیادی ضروریات کی اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔ مختلف دالوں، آٹے، چینی اور سبزیوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں باہمی مشاورت سے مقرر کی گئیں۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے علاقوں کی مارکیٹوں کے باقاعدہ دورے کریں، ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے کریں اور عوامی ریلیف کو یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ جائز منافع کمائیں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے سے گریز کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین راجہ کامران حیات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور مقرر کردہ قیمتوں پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا۔



