یوم عاشور کے پرامن انعقاد پر شہری و سماجی تنظیموں کا ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کو خراجِ تحسین

جہلم کی شہری، سماجی، فلاحی، رفاحی اور صحافتی تنظیموں کے عمائدین نے یوم عاشور کے موقع پر ضلع بھر میں مثالی سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی فیلڈ میں فعال موجودگی اور مؤثر نگرانی کی بدولت ضلع جہلم میں عاشورہ کے دوران امن و امان کی صورتِ حال مکمل طور پر قابو میں رہی، اور کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ جہلم پولیس نے جس جانفشانی اور بھرپور تیاری کے ساتھ فول پروف سیکیورٹی فراہم کی، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھو اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کیں اور مثالی سیکیورٹی پلان ترتیب دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی قیادت میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی، محکمہ زراعت، سول ڈیفنس اور ضلع کونسل سمیت تمام صوبائی اداروں نے صفائی، طبی امداد اور دیگر انتظامات مثالی انداز میں مکمل کیے، جس پر شہریوں نے اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔
شہری و سماجی تنظیموں نے دونوں ضلعی سربراہان اور ان کی ٹیموں کو شاندار خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔



