چیئرمین واپڈا کا منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کا دورہ، حکام کی منگلا بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبے پر بریفنگ

منگلا: چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ریٹائرڈ) کو منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے دورے کے موقع پربریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منگلا بحالی اور ریفربشمنٹ پراجیکٹ پر مرحلہ وار کام جاری ہے۔چار پیداواری یونٹس کی بحالی مکمل ہو چکی ہے اور وہ اپنی اضافی پیداواری صلاحیت کے ساتھ فعال ہیں، مزید دو یونٹس بھی رواں سال کے اختتام تک سسٹم میں شامل ہو جائیں گے جبکہ منصوبے کی مجموعی تکمیل 2030ء میں متوقع ہے۔

بدھ کوچیئرمین واپڈا نے کنٹرول روم، ٹربائن ہال میں بحال کئے جا رہے پیداواری یونٹس اور اِن ٹیک سٹرکچر کا دورہ کیا اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ممبر پاور واپڈا محمد عرفان میانہ، جنرل منیجر منگلا ڈیم آرگنائزیشن فخرِ جہاں ، جنرل منیجر (ہائیڈل) ڈویلپمنٹ احسان اللہ اور جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر منگلا ریفربشمنٹ پراجیکٹ اجلال حسین کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز بھی اس دوران موجود تھے۔

بحالی اور اپ گریڈیشن کی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین نےکنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ منصوبے کو بلا تاخیر مکمل کرنے کے لئے کام میں تیزی لائی جائے تا کہ پاکستان کی انرجی سکیورٹی کے لیے مہنگی اور ماحول کے لیے نقصان دہ تھرمل بجلی پر انحصار کم کیا جا سکے۔واپڈا 52 ارب 22کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے منگلا کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام کر رہاہے۔

پراجیکٹ کے لئے یو ایس ایڈ نے 170 ملین امریکی ڈالر بطور گرانٹ فراہم کئے ہیں، اے ایف ڈی 90 ملین یورو بطور قرض فراہم کر رہا ہے جبکہ باقی رقم کا بندوبست واپڈا اپنے وسائل اور قرض کے ذریعے کر رہا ہے۔منگلا کی بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبہ اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اسے پاور ہاؤس مکمل بند کیے بغیر عمل میں لایا جا رہا ہے،پراجیکٹ کو مختلف پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

توانائی کے نقصان سے بچنے کے لیے ایک وقت میں ایک ٹنل یعنی دو پیداواری یونٹس بند کر کے بحالی اور اپ گریڈیشن کا کام سر انجام دیا جاتا ہے۔ منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاورسٹیشن کی پیداواری صلاحیت ایک ہزارمیگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310میگاواٹ ہو جائے گی۔بجلی کی سالانہ پیداوار بھی 5 ارب یونٹ سے بڑھ کر اوسطاً 6 ارب60کروڑ یونٹ ہو جائے گی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا نے ملک میں پن بجلی کے وسائل سے استفادہ کرنے کے لیے دو جہتی حکمت عملی ترتیب دی ہے۔اس حکمت عملی کے تحت ایک جانب نئے پن بجلی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب موجودہ ہائیڈل پاور سٹیشنز کی بحالی اور اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے تاکہ نیشنل گرڈ میں سستی، صاف اور ماحول دوست پن بجلی کا تناسب بڑھایا جا سکے۔

منگلا بحالی اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے 10 یونٹس ہیں جن میں سے ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 100 میگاواٹ ہے، ان میں سے پہلے چار یونٹس 1967ء میں نصب کئے گئے۔ یونٹ نمبر 5 اور 6کی تنصیب 1974ء جبکہ یونٹ نمبر 7 اور 8کی تنصیب 1981ء میں کی گئی۔ یونٹ نمبر 9 اور 10 1994ء میں نصب کیے گئے اور یوں منگلا ہائیڈل پاورسٹیشن کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ ہو گئی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button