سوہاوہ میں ٹرین کی زد میں آکر 26 سالہ نوجوان جاں بحق

جہلم/ سوہاوہ: کانوں میں ہینڈ فری لگا کر ریلوے ٹریک کے قریب چلنے والا 26 سالہ نوجوان ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ریسکیو اسٹیشن کے عقب میں واقع ریلوے ٹریک پر ٹرین کی زد میں آکر ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ کنٹرول روم کو ریلوے ٹریک پر ٹرین حادثے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سوہاوہ کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ریسکیو 1122 اور عینی شاہدین کے مطابق نوجوان کانوں میں ہینڈ فری لگا کر ریلوے ٹریک کے ساتھ چل رہا تھا کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والی ٹرین کی زد میں آ گیا۔ ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت شمس عباس کے نام سے ہوئی ہے جو سوہاوہ کی نئی آبادی کا رہائشی بتایا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کی اور جاں بحق نوجوان کی لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا۔



