صاف اور سرسبز ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سنیہ صافی

جہلم: حکومت پنجاب کی ہدایات اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت محکمہ ماحولیات (ای پی اے) جہلم کے زیر اہتمام عالمی یومِ ماحولیات 2026 منایا گیا۔ اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری، آلودگی کے خاتمے اور ماحول دوست طرزِ زندگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کی قیادت میں ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سرکاری افسران، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔ واک کا مقصد عوام میں ماحول کے تحفظ، صفائی ستھرائی اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنیہ صافی نے کہا کہ صاف، صحت مند اور سرسبز ماحول کی فراہمی صرف حکومت کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائیں، صفائی ستھرائی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور ماحول دوست عادات اپنائیں۔ تقریب کے دوران شرکاء میں ماحول دوست کپڑے کے تھیلے تقسیم کیے گئے جبکہ ماحولیاتی آگاہی سے متعلق پمفلٹس بھی فراہم کیے گئے۔

تقریب کے اختتام پر شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے گئے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دی گئی۔ مقررین نے کہا کہ درخت ماحول کو صاف رکھنے، فضائی آلودگی میں کمی لانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ای پی اے جہلم کے حکام نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ماحولیاتی تحفظ، عوامی آگاہی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھی جائیں گی اور شہریوں کو ماحول دوست طرزِ زندگی اختیار کرنے کے لیے مزید متحرک کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button