جہلم پولیس کی مارچ کی کارکردگی رپورٹ جاری، 15 گینگ گرفتار، لاکھوں کا مسروقہ مال برآمد

جہلم پولیس نے مارچ 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ضلع بھر میں جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کی گئیں اور 15 گینگز کا سراغ لگا کر 38 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 62 لاکھ 99 ہزار 700 روپے کا مسروقہ مال، 20 موٹر سائیکل، ایک ٹریکٹر، دو پسٹل اور متعدد گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کی قیادت میں جہلم پولیس نے ضلع میں امن و امان کے قیام، قتل، اغوا، ڈکیتی، چوری، منشیات کے خاتمے اور دیگر جرائم کی بیخ کنی کے لیے دن رات کارروائیاں جاری رکھیں۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی کیے اور اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ میں مجموعی طور پر 124 مجرمان اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے 20 کا تعلق اے کیٹیگری اور 70 کا بی کیٹیگری سے تھا، جبکہ 34 عدالتی مفروران کو بھی حراست میں لیا گیا۔
مارچ کے دوران قتل کے پانچ مقدمات درج کیے گئے، جن میں سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ریپ کے چار مقدمات میں ملوث تمام ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ اسی طرح، خلافِ فطرت عمل کے تین مقدمات درج کیے گئے، جن میں سے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے 15 گینگز کو ٹریس کر کے ان کے خلاف 70 مقدمات درج کیے اور گرفتار شدگان سے بھاری مقدار میں نقدی، گاڑیاں اور اسلحہ برآمد کیا۔
منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے 36 مقدمات درج کیے اور اتنی ہی تعداد میں ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 11 کلو 645 گرام چرس، پانچ کلو ہیروئن، چار کلو 110 گرام آئس اور 163 بوتل شراب برآمد کر لی گئی۔ اس کے علاوہ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف 30 مقدمات درج کیے گئے اور 30 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 23 پسٹل، دو کلاشنکوف، ایک رائفل، تین بارہ بور گنز، ایک ریوالور اور 91 گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
علاوہ ازیں، پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے چار مقدمات درج کیے اور چار ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے 179 پتنگیں اور آٹھ ڈوریں برآمد کی گئیں۔ قمار بازی کے خلاف تین مقدمات درج کر کے 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 34 ہزار 700 روپے نقدی، دو موٹر سائیکل، سات موبائل فون، 700 کورین کرنسی اور قمار بازی کا سامان برآمد کیا گیا۔
جہلم پولیس نے غیر قانونی طور پر گیس ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 18 مقدمات درج کیے اور تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ غیر قانونی طور پر پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی 22 مقدمات درج کیے گئے اور 22 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
شہر میں بڑھتی ہوئی بھیک مانگنے کی لعنت کے خلاف بھی سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اور 71 مقدمات درج کر کے 88 بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں 53 مرد اور 35 خواتین شامل تھیں۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی گئی اور مجموعی طور پر 5,305 چالان کیے گئے، جن سے 35 لاکھ 17 ہزار 100 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ اس کے علاوہ، پولیس خدمت مراکز میں شہریوں کو دی جانے والی سہولیات سے 6,467 افراد نے استفادہ حاصل کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے گزشتہ ماہ کے دوران شکایات سیل میں 159 شہریوں کی شکایات سنیں اور فوری طور پر احکامات جاری کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ معاشرے کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔



