دینہ میں بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار، 2 پیشہ ور بھکاری بھی پکڑے گئے

دینہ: تھانہ دینہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا، تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے 2 پیشہ ور بھکاریوں کو دھر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد ملک اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایسے ملزم کو گرفتار کیا جو منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا اور مختلف علاقوں سمیت ریلوے ٹریک کے قریب گاہکوں کو منشیات فراہم کرتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 1 کلو 400 گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دوسری جانب تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے 2 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ عناصر مختلف شاہراہوں اور چوک چوراہوں پر کھڑے ہو کر نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کرتے تھے بلکہ حادثات کا سبب بھی بن رہے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ معاشرے میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button