بلوچستان میں پیش آنے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتےہیں، مرکزی علماء کونسل جہلم

جہلم: مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم نے بلوچستان میں پیش آنے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کو انسانیت سوز، گھناؤنا اور ناقابلِ معافی جرم قرار دیا ہے۔
مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کا اجلاس ضلعی صدر حکیم قاری شبیر احمد عثمانی کی زیر صدارت جہلم شہر میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی علماء کونسل کے عہدیداران اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر قاری شبیر احمد عثمانی اور دیگر علماء کرام نے کہا کہ اسلام امن، محبت، انسانی اقدار اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے، جبکہ دہشت گردی، بدامنی اور بے گناہ انسانوں کا قتل اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور بدامنی کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔
علماء کرام نے بلوچستان میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دعا کی۔
اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر قسم کے فتنے، فساد اور دہشت گردی سے محفوظ رکھے۔
علماء کرام نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام نے الحاقِ پاکستان کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ اختلافات اور تنازعات کے حل کے لیے پرامن مذاکرات اور بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر بلوچستان کے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی، ملک میں امن و امان اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اجلاس میں حکیم قاری شبیر احمد عثمانی، مولانا ذیشان اسحٰق، مولانا قاری محمد اشرف، قاری ابصار ایوب، مولانا حکیم زبیر الحسن، مولانا محمد عثمان، حافظ مرتضیٰ تنویر، مولانا محمد مدثر، عبدالرزاق شمیم ایڈووکیٹ، قاری عاصم عرفان، ملک محمد قاسم ایڈووکیٹ اور قاری محمد ابراہیم منیر سمیت مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے دیگر عہدیداران اور علماء کرام نے شرکت کی۔



