جہلم میں صفائی کا بحران، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی غفلت نے ستھرا پنجاب کا نعرہ ناکام بنا دیا

جہلم شہر اور گردونواح میں صفائی کی ابتر صورتحال نے شہریوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

پنجاب حکومت کے ستھرا پنجاب کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں جبکہ صفائی کے ذمہ دار ادارے، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC)، کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

یونین کونسل بوکن، یونین کونسل کالاگجراں اور چک خاصہ سمیت متعدد علاقوں میں صفائی کا کوئی معقول انتظام موجود نہیں۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور بدبو سے مکینوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت گلی محلوں کی صفائی کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ عملہ صفائی کئی کئی روز تک ان علاقوں میں دکھائی نہیں دیتا۔

ذرائع کے مطابق سرکاری سکولوں کے باہر بھی کوڑا کرکٹ کے انبار لگے ہوئے ہیں جس سے نہ صرف بدبو پھیل رہی ہے بلکہ موزی امراض کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ ان حالات نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی مجرمانہ غفلت کو بے نقاب کر دیا ہے، جبکہ کمپنی کے عملے کی عدم دلچسپی اور ورکرز کی تنخواہوں کے مسائل بھی صورتحال کو مزید خراب کر رہے ہیں۔

شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے فوری نوٹس لینے اور شہر میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری بیماریوں اور گندگی سے نجات حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button