دینہ میں عید کی خریداری کیلئے آنے والی خاتون لٹ گئی

دینہ کے مین بازار میں عید کی خریداری کے لیے آنے والی خاتون نامعلوم چوروں کے ہاتھوں لٹ گئی جہاں نوسرباز گرو نے خاتون کے پرس سے نقدی اور اہم دستاویزات چرا لیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقہ چک اکا کے رہائشی مصطفیٰ حسین ولد محمد خان کی اہلیہ عید کی خریداری کے لیے مین بازار دینہ آئی ہوئی تھیں کہ بازار میں رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نامعلوم نوسرباز گرو نے ان کا پرس نکال لیا۔ پرس میں موجود 55 ہزار روپے نقدی، اے ٹی ایم کارڈ اور شناختی کارڈ غائب ہو گئے۔
شہریوں کے مطابق عید کے قریب آتے ہی بازاروں میں رش بڑھنے کے ساتھ نوسرباز مرد و خواتین پر مشتمل گروہ بھی سرگرم ہو گئے ہیں جو خریداروں کی جیبیں اور پرس نکالنے میں ملوث ہیں۔
عوامی حلقوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ عید کی خریداری کے دنوں میں دینہ کے مین بازار میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں اور نوسرباز گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہری بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں۔



