دینہ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے پولیس کی موک ایکسرسائز

41
دینہ: ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے اور ہنگامی حالات میں پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو پرکھنے کے لیے جہلم پولیس نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول لدھڑ تھانہ منگلا کینٹ میں ایک خصوصی موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا۔
اس آپریشنل ڈرل میں ایس ایچ او، ایلیٹ فورس، CTD، اسپیشل برانچ، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ مشق کے دوران ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اسکول کی عمارت کا مکمل حفاظتی معائنہ کیا گیا اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر فوری رسپانس کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
ایلیٹ فورس نے ریپڈ ایکشن اور عمارت کے کلیئرنس آپریشن میں حصہ لیا، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کی فوری منتقلی اور میڈیکل اسسٹنس فراہم کی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے حفاظتی سوئپ اور سرچ آپریشن کا عملی مظاہرہ کیا اور ٹریفک پولیس نے ایمرجنسی روٹس کی ڈائیورشن اور ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے عملی مشقیں نہ صرف فورس کی مہارت کو بڑھاتی ہیں بلکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔



