مون سون سیزن کی پہلی 2 استقبالیہ بارشوں نے جہلم شہر کو جھیل میں تبدیل کر دیا

جہلم: مون سون سیزن کی پہلی 2 استقبالیہ بارشوں نے میونسپل کمیٹی جہلم کی کارکردگی کی قلعی کھولتے ہوئے شہر کو جھیل میں تبدیل کردیا۔ طویل دورانئے تک شہر کی سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع رہا جس کی وجہ سے شہر سے باہر اور شہر کے اندر آنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں دو روز ہونے والی بارش نے خطرے کی گھنٹی بجادی ، جمعرات اور جمعہ کو ہونے والی موسلا دھار بارش سے شہر کی تمام سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہو گیا۔
نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے گلی محلے دریا کی منظر کشی کرتے رہے۔ گلیوں میں بھی کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ، گلی محلوں کی نالیاں صاف نہ ہونے سے سیوریج کے مین ہولز ابلتے رہے۔ شہر میں بہنے والے برساتی نالوں کی بروقت صفائی ستھرائی نہ ہونے کے باعث گندہ پانی سڑکوں پر بہتا رہا جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ نکاسی آب کے نالوں پر قائم تجاوزات ختم کروایا جائے اورنالوں کی صفائی ستھرائی کروائی جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات سے چھٹکارہ حاصل ہو سکے۔



