ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ جہلم کو تعلیم و ترقی کا ایک مرکز بنایا جائے، بلال اظہر کیانی

جہلم: صوبائی مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی خصوصی کاوشوں سے حکومت پنجاب نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں انگریزی، ریاضی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبہ جات میں چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرامز کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔

یہ پروگرامز جامعہ گجرات سے الحاق شدہ ہوں گے، جس سے جہلم اور گردونواح کے طلباء و طالبات کو اعلیٰ معیار کی تعلیم اپنے ہی شہر میں دستیاب ہو گی اور انہیں دور دراز جامعات جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس اقدام کو تعلیمی انقلاب کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ "تعلیم ترقی کی بنیاد ہے اور بی ایس پروگرامز کا آغاز نہ صرف طلباء و طالبات کو جدید علوم سے آراستہ کرے گا بلکہ انہیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے قابل بھی بنائے گا۔”

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہماری کوشش ہے کہ جہلم کو تعلیم اور ترقی کا مرکز بنایا جائے تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، مواقع اور روشن مستقبل میسر ہو۔”

گورنمنٹ گریجویٹ کالج کی انتظامیہ نے اس تعلیمی پیش رفت پر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور بلال اظہر کیانی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ، بالخصوص ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز حماد رضا کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔

گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں داخلے جاری ہیں جبکہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کے لیے ہاسٹل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، تاکہ وہ بلا رکاوٹ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button