محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، آر پی او بابر سرفراز الپا

جہلم: ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ضلع جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات، جرائم کی صورتحال، عوامی شکایات کے ازالے اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈی پی او آفس جہلم میں آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے ضلع امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، بین المسالک ہم آہنگی، جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ ادارے، امن کمیٹی کے اراکین اور شہری باہمی تعاون کے ذریعے پرامن ماحول کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مؤثر سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ امن کمیٹی کے اراکین نے بھی محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
بعد ازاں آر پی او راولپنڈی ریجن کی زیر صدارت ڈی پی او آفس جہلم میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی پی او جہلم، ایس پی انویسٹی گیشن، ضلع بھر کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور مختلف برانچز کے انچارجز نے شرکت کی۔ ڈی پی او جہلم نے ضلع میں جرائم کی مجموعی صورتحال، پولیس کارکردگی اور جاری خصوصی مہمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر آر پی او بابر سرفراز الپا نے افسران کو ہدایت کی کہ اہم مقدمات کی تفتیش میں خصوصی دلچسپی لی جائے اور ایس ڈی پی اوز و ایس ایچ اوز تفتیشی عمل کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص تفتیش، غفلت یا غیر ذمہ داری پر متعلقہ افسران سے بازپرس کی جائے گی۔
آر پی او نے مزید ہدایت کی کہ پولیس افسران دفاتر اور تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز کرنے یا عوام کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کرنے والے افسران کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شہریوں کو بروقت انصاف، میرٹ پر تفتیش اور مقدمات کی جلد یکسوئی ہی پولیس کی کامیابی کا معیار ہے۔
بعد ازاں آر پی او راولپنڈی ریجن نے محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او جہلم اور دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ آر پی او نے ہدایت کی کہ جلوس کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں اور مجالس و جلوسوں میں آنے والے تمام افراد کی مکمل باڈی سرچ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں اور ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔
دورے کے دوران آر پی او بابر سرفراز الپا نے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر تھانہ سوہاوہ میں کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او جہلم، اے ڈی آئی جی ملک نعیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے براہ راست اپنی شکایات اور درخواستیں پیش کیں، جن پر آر پی او نے متعلقہ افسران کو قانون کے مطابق کارروائی اور مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔
آر پی او نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف اور ریلیف فراہم کرنا ہے۔ شہریوں کے مسائل کا بروقت اور میرٹ پر حل ہماری اولین ترجیح ہے اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
بعد ازاں آر پی او راولپنڈی ریجن نے تھانہ سوہاوہ، پولیس خدمت مرکز سوہاوہ اور زیر تعمیر ایس ڈی پی او آفس کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے تھانے کی عمارت، فرنٹ ڈیسک، محرر دفتر، ریکارڈ اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ پولیس خدمت مرکز کے دورے کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
ایس ڈی پی او آفس کی زیر تعمیر عمارت کا جائزہ لیتے ہوئے آر پی او بابر سرفراز الپا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے اور منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام اور پولیس افسران کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔



