پی ٹی سی میں پولیس کی موک ایکسرسائز، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی مشق

جہلم میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے اور ہنگامی حالات میں پولیس و دیگر اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر پاکستان ٹوبیکو کمپنی جہلم میں ایک جامع موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔
اس فرضی عملی مشق کی قیادت ایس ڈی پی او صدر سرکل نے کی جبکہ ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ موک ایکسرسائز کا مقصد کسی ممکنہ دہشت گردی یا ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردِعمل کو یقینی بنانا تھا۔
مشق کے دوران کمپنی کی عمارت کا مکمل حفاظتی معائنہ کیا گیا، مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر فوری رسپانس کا عملی مظاہرہ کیا گیا، ایلیٹ فورس نے ریپڈ ایکشن لیتے ہوئے عمارت کلیئرنس آپریشن مکمل کیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے حفاظتی سوئپ اور سرچ آپریشن کیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کی فوری منتقلی اور طبی امداد کی مشق کی، جبکہ ٹریفک پولیس نے ایمرجنسی روٹس کی ڈائیورشن اور ٹریفک مینجمنٹ کا عملی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایسی فرضی عملی مشقیں نہ صرف پولیس اور دیگر اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ کسی بھی حقیقی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔



